میدک۔ 25 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس کی ضلع صدر و سابق ڈپٹی اسپیکر ایم۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے بی سی طبقہ کو 42 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کرکے عوام کو گمراہ کیا اور اب ریزرویشن کے عمل میں بی سی، ایس سی اور ایس ٹی طبقات کے ساتھ شدید ناانصافی کی ہے۔ منگل کے روز بی آر ایس پارٹی آفس میں سابق ایم ایل سی ایس شبھاش ریڈی، میدک حلقہ انچارج کے تروپتی ریڈی، سابق میونسپل چیئرمین اے ملکارجن گوڑ، ٹاؤن کنوینر مامیلا آنجنیا اور پارٹی قائدین کے ساتھ منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ ریزرویشن کمیٹی کی رپورٹ کو حکومت جان بوجھ کر منظر عام پر نہیں لارہی اور مطالبہ کیا کہ ریزرویشن کے عمل کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔سابق ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ بہت سے دیہات میں ریزرویشن کی تقسیم انتہائی غیر منصفانہ انداز میں کی گئی ہے۔ پدما ریڈی نے پارٹی کی تمام ذمہ داران سے اپیل کی کہ مقامی ادارہ جات کے آئندہ انتخابات میں بی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحد ہوکر کام کریں اور بی آر ایس حکومت کے دور میں انجام دیے گئے ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کو گھر گھر تک پہنچائیں۔ اس پریس کانفرنس میں سابق مارکٹ کمیٹی چیئرمین کرشنا ریڈی، سابق کونسلرز ویشوم، آر کے سرینواس، بی کشور، مایا ملیشم، میدک سابق ایم پی پی کشٹیا، میدک، ہویلی گھن پور، شنکرم پیٹ آر، پاپنّا پیٹ منڈل پارٹی صدور ایم۔ انجن گوڑ، سی ایچ سری نیواس ریڈی، پی راجو، وشواناتھ ریڈی کے علاوہ ٹاؤن و منڈل قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔