شادنگر ۔ 6 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاستی لاری اونرس اسوسی ایشن کے اہم قائدین چیرمین رامینینی، جنرل سکریٹری درگا پرساد، ریاستی نائب صدور سید صادق، جگناتھ ریڈی، اسسٹنٹ سکریٹری نواز غوری، خواجہ حیدر، ایم ڈی سلیم، راما راؤ اور دیگر نے پیر کو حیدرآباد میں تلنگانہ ریاستی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے . چیف منسٹر کے ساتھ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لاری اونرس اسوسی ایشن پوسٹر کی رسم اجرائی عمل میں لائی۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی بہتر بنانے کے لیے اور ریاست بھر میں لاری مالکان کے مسائل کو حل کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے لاری اونرس اسوسی ایشن کو بھر پور تیقن دیا۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی ہے کہ عنقریب ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس پارٹی کے امیدواروں کی تائید و حمایت کریں اور ان کی تشہیر کریں اور پارلیمانی امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں ۔ اس موقع پر لاری اونرس اسوسی ایشن کے ریاستی نائب صدر اور شادنگر کانگریس پارٹی کے لیڈر سید صادق نے کہا کہ لاری اونرس اسوسی ایشن ٹرانسپورٹ سیکٹر کی ترقی کے لیے سخت محنت کررہی ہے۔ ریاستی حکومت بالخصوص محکمہ ٹرانسپورٹ لاری مالکان کے درپیش مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔ سید صادق نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لاری اسوسی ایشن کو تیقن دیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں پیدا شدہ بحران کو دور کیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ترقی دی جائے گی۔
