کانگریس پارٹی کی بنیادیں سیکولرازم پر قائم ہے : بھٹی وکرامارک

   

بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دورخ، عیسائی طبقہ کے نمائندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے کہا کہ سیکولرازم کی بنیادوں پر کانگریس پارٹی کی تشکیل ہوئی ہے۔ سماج کے تمام طبقات کے مفادات کا تحفظ صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔ ایسے پارٹی کی حکومت کا تحفظ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں آج ڈپٹی چیف منسٹر نے کرسچن طبقہ کے اہم نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ بھٹی وکرامارک نے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے معاملے میں کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اہم رول ادا کیا ہے۔ ریاست میں جب بھی کانگریس کی حکومت رہی ہے اقلیتوں کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ اقلیتوں کی تعلیمی، معاشی، سماجی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے خصوصی حکومت عملی تیار کی گئی اور اس پر کامیابی سے عمل بھی کیا گیا ہے۔ فرقہ پرستی کے سامنے کانگریس پارٹی آہنی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے۔ تمام مذاہب کا احترام کیا جاتا ہے اور تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے اپنے عقائد پر قائم رہنے کی مکمل آزادی دی جاتی ہے۔ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو اپنی شکست کا اندازہ ہوگیا ہے۔ اس لئے بی جے پی کے قائدین یہاں تک کہ مرکزی وزارت کے اہم عہدوں پر قائم رہنے والے قائدین نفرت کو ہوا دیتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور ساتھ ہی اقلیتوں سے اپیل کرتی ہے فرقہ پرستی کو شکست دینے کیلئے کانگریس پارٹی کو کامیاب بنائے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ بی آر ایس کو دیا جانے والا ووٹ بی جے پی کے حق میں جائے گا۔ لہٰذا وہ اقلیتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کانگریس کو ووٹ دیتے ہوئے بی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دیں اور ریونت ریڈی کی زیرقیادت کانگریس حکومت کو مستحکم کریں۔2