سابق رکن پارلیمان بی ونود کمار کی سرسلہ میں پریس کانفرنس
گمبھی راو پیٹ، سرسلہ8 اکٹوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)سابق رکن پارلیمنٹ کریمنگر بوئن پلی وینوَد کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات کے دوران ایسے وعدے کیے جو عمل کے قابل ہی نہیں تھے، عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا۔ اب ہم عوام میں گھر گھر جا کر کانگریس کے ان دھوکوں کو بے نقاب کریں گے۔ ونود کمار آج سرسلہ کے تلنگانہ بھون میں “کانگریس باقی کارڈ‘‘ جاری کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس حکومت کو اقتدار میں آئے ہوئے تقریباً 22 ماہ گزرنے والے ہیں، مگر اسمبلی انتخابات کے دوران کیے گئے کسی ایک وعدے پر بھی عمل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے دوران تقریباً 420 وعدے کیے تھے، عوام کو چاہیے کہ وہ ان وعدوں کے بارے میں کانگریس قائدین سے جواب طلب کریں اور انہیں ان کے وعدے یاد دلائیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے بلدیاتی یا کسی بھی سطح کے انتخابات میں عوام کانگریس قائدین اور عوامی نمائندوں سے باز پرس کے لیے تیار رہیں۔وینوَد کمار نے کہا کہ بی آر ایس کارکنان ہر گھر جا کر، گھر کے سربراہ کی اجازت سے خواتین اور ان کے افرادِ خانہ کو ’’کانگریس باقی کارڈ‘‘ کے ذریعہ بتائیں گے کہ کس طرح کانگریس پارٹی نے عوام کو دھوکہ دیا۔ونود کمار نے سوال اٹھایا کہ جے اے سی کے چیئرمین کودنڈارام اس بارے میں خاموش کیوں ہیں؟ حکومت خالی عہدوں کی تعداد بتانے سے کیوں گریز کر رہی ہے؟انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کے دوران جن امتحانات کے نتائج آئے، ان کی بھرتیاں بھی کانگریس حکومت اپنے کھاتے میں ڈال رہی ہے۔ کسان بیمہ اور کسان بھروسہ جیسی اسکیمیں مکمل طور پر غائب ہو چکی ہیں۔اس موقع پر، کواپریٹو سینٹرل بینک چیئرمین راوندر راؤ ،ضلع صدر بی ار ایس ٹی آگیا، سابق کارپوریشن چیئرمین پروین، سابق لائبریری چیئرمین شنکرایا، سَیس چیئرمین چِکلا راماراؤ، سَیس وائس چیئرمین تِرْپتی، ڈائریکٹرس سرینواس راؤ، نارائن راؤ، لکشمی نارائن، ہرِ چرن راؤ، سابق زیڈ پی چیئرمین ارونا، سابق میونسپل چیئرمین کالا چکرپانی، منوہر ریڈی، بی آر ایس پارٹی کے مختلف منڈل صدور، سینئر قائدین اور کارکنان شریک ہوئے۔