کسی بھی وقت وجہ نمائی نوٹس جاری ہوسکتی ہے، تلنگانہ کانگریس تادیبی کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی
حیدرآباد : کانگریس پارٹی ہائی کمان رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی پر سخت برہم کسی بھی وقت ان کے خلاف وجہ نمائی نوٹس جاری ہوسکتی ہے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے بہت جلد بی جے پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی کہا ہیکہ ریاست میں کانگریس انتہائی کمزور ہوگئی اور بی جے پی ہی ٹی آر ایس کی متبادل ہے۔ کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے اس بیان پر کانگریس کے قائدین سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور پارٹی ہائی کمان سے اس کی شکایت کی ہے۔ آج کانگریس کے سینئر قائد و رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے چند قائدین اپنی ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شخصیتوں سے زیادہ پارٹی بڑی ہوتی ہے۔ راجگوپال ریڈی کی کامیابی ان کی تنہا کامیابی نہیں ہے۔ پارٹی سے مستعفی ہونے کا ارادہ رکھنے والے پہلے عہدوں سے مستعفی ہوجائے۔ انہوں نے پارٹی قائدین کو بلیک میل نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے بھی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے ریمارکس کا سخت نوٹ لیا ہے اور تلنگانہ پردیش کانگریس کی تادیبی کمیٹی سے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ تلنگانہ کانگریس کی تادیبی کمیٹی نے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے تازہ ریمارکس کے علاوہ ماضی میں ان کی جانب سے کی گئی پارٹی اصولوں کی ڈسپلن شکنی اور انہیں تادیبی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے تازہ اور ماضی کے ریمارکس کے اخبار کے تراشے وغیرہ پارٹی ہائی کمان کو روانہ کردیا ہے۔ پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی وقت کانگریس ہائی کمان کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کو نوٹس جاری کرسکتی ہے۔
