حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عیسائیوں کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہیں اور وہ ہمیشہ عیسائیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ نلگنڈہ میں کرسمس تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ سکیولر اصولوں پر خود کو برقرار رکھا اور تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور کمزور طبقات کے لیے کانگریس نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس دور حکومت میں اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے کئی قدم اٹھائے گئے۔ وینکٹ ریڈی نے اس موقع پر کیک کاٹا اور عیسائی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے تلنگانہ میں خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک منائوں کا اظہار کیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کرسمس تقاریب امن ا بھائی چارے کے فروغ کا سبب بنتی ہیں اور ان تقاریب کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا پیام ملتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے عیسائیوں کے مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ حیدرآباد میں کرسچن بھون کی تعمیر کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عیسائیوں میں زیادہ تر دلت ہوتے ہیں اور چیف منسٹر کو دلتوں کی ترقی اور خوشحالی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔