کانگریس پر بی آر ایس کارکنوں کو ہراساں کرنے کا الزام : شیخ عبداللہ سہیل

   

سرکاری مشنری کا بیجا استعمال، گھروں پر چھاپے مارنے کے باوجود بی آر ایس کی کامیابی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر قائد شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کارکنوں کو ہراساں کرنے کیلئے ان کے گھروں پر چھاپے مارنے اور رائے دہندوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب پر اثرانداز ہوسکے۔ شیخ عبداللہ سہیل نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ حکمران کانگریس کی جانب سے سارے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں خوف کا ماحول تیار کیا جارہا ہے۔ بی آر ایس کارکنوں کو بلاوجہ حراست میں لیا جارہا ہے۔ گھروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں جو بی آر ایس کی تائید کررہے ہیں انہیں منظم سازش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے ووٹرس کو خوفزدہ کیا جارہا ہے جس کی بی آر ایس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور الیکشن کمیشن سے اپیل کرتی ہیکہ وہ معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے ضمنی انتخاب کو آزادانہ اور منصفانہ بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کریں۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ووٹرس کو خریدنے کیلئے بڑے پیمانے پر بھاری رقم تقسیم کرنا شروع کردیا ہے۔ جوبلی ہلز کی کالونیوں میں نقد رقم کے بنڈل تقسیم کئے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا میں اس کی ویڈیوز وائرل ہورہے ہیں۔ بی آر ایس کے سینئر قائد نے کہا کہ کانگریس کی تمام کوششوں کے باوجود بی آر ایس کی انتخابی مہم کو عوام کی جانب سے شاندار ردعمل حاصل ہورہا ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے متاثرکن انتخابی مہم چلاتے ہوئے عوام کا دل جیت لیا ہے اور بی آر ایس کی امیدوار سنیتا بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گی۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ جوبلی ہلز کے عوام باشعور اور تعلیمیافتہ ہیں نہ ہی کوئی انہیں ڈرا سکتے ہیں اور نہ ہی خریدا جاسکتا ہے۔ وہ عوام سے اپیل کررہے ہیں 11 نومبر کو بغیر کسی خوف کے اپنے ووٹ کو بی آر ایس کے حق میں استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی کانگریس ہے جو کبھی بی جے پی کے بلڈوزر سیاست کی مخالفت کرتی تھی مگر تلنگانہ میں ان ہی طریقوں کو اپنا رہی ہے۔ اقلیتوں کو نظرانداز کرنا، فلاحی اسکیمات کو فراموش کرنا اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنا یہ سب ثابت کرتا ہے کہ کانگریس اب بی جے پی سے مختلف نہیں ہے۔2