کانگریس چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: راج گوپال ریڈی

   

پروپگنڈہ گمراہ کن ، چیف منسٹر سے دوری پیدا کرنے کی سازش
حیدرآباد ۔ 18 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے سوشیل میڈیا اور میڈیا میں پارٹی سے استعفیٰ کی اطلاعات کو گمراہ کن قرار دیا۔ راج گوپال ریڈی جنہوں نے حالیہ دنوں میں حکومت کی کارکردگی پر منفی بیانات جاری کئے تھے، آج وضاحت کی کہ سوشیل میڈیا میں ان سے منسوب اطلاعات بے بنیاد ہیں اور ان کے امیج کو متاثر کرنے بعض گوشوں سے منظم سازش کی جارہی ہے ۔ پارٹی سے استعفیٰ ، نئی پارٹی کا قیام اور کالیشورم پراجکٹ سے متعلق گزشتہ چند دنوں سے سوشیل میڈیا میں اطلاعات گشت کر رہی ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کانگریس چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ کانگریس کارکن کی طرح پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس سے دو مرتبہ رکن اسمبلی ، ایک مرتبہ ایم ایل سی اور ایک مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوچکے ہیں ۔ سونیا اور راہول گاندھی کا وہ احترام کرتے ہیں اور گاندھی خاندان کی خدمات کے معترف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم میں بے قاعدگیوں کی انہوں نے کبھی بھی تردید نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں اسمبلی میں سب سے پہلے کالیشورم بے قاعدگیوں پر انہوں نے سوال اٹھائے تھے۔ سوشیل میڈیا میں یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ پراجکٹ میں کوئی بے قاعدگی نہیں ہوئی ہے ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ وزارت میں عدم شمولیت کو بنیاد بناکر ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے تاکہ حکومت اور چیف منسٹر سے دوری پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔1