ایجنڈہ واضح نہیں ۔ پارٹی کی لوک سبھا شکست کے اسباب پر غور کا امکان
نئی دہلی 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) راہول گاندھی پیر کو کانگریس اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹروں سے ملاقات کرینگے ۔ گذشتہ مہینے پارٹی صدارت کے عہدہ سے استعفی کی پیشکش کے بعد راہول گاندھی کی یہ چیف منسٹروں سے پہلی ملاقات ہوگی ۔ یہ ملاقات ایسے پس منظر میں ہو رہی ہے جبکہ مستقبل میں پارٹی میں راہول گاندھی کیرول کے تعلق سے تجسس ہی بنا ہوا ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں میں کانگریس کے کئی قائدین بھی استعفے پیش کرتے جا رہے ہیں۔ راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ ‘ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ ‘ پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ ‘چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر بھوپیش باگھیل اور پڈوچیری کے چیف منسٹر وی نارائن سامی راہول گاندھی سے پیر کی دوپہر ہونے والی اس ملاقات میں موجود رہیں گے ۔ ابھی چیف منسٹروں کی راہول گاندھی سے ملاقات کا ایجنڈہ سامنے نہیںآیا ہے تاہم امکان ہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی بدترین کارکردگی اور شکست کے اسباب و علل کا جائزہ لیا جائیگا ۔ خاص طور پر ہندی بولنے والی ریاستوں میں کانگریس کی کارکردگی پر غور ہوگا جہاں تین ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو کامیابی حاصل ہوئی تھی ۔ 25 مئی کو ہوئی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں راہول گاندھی نے استعفی کی پیشکش کی تھی اور انہوں نے اس موقع پر کمل ناتھ اور اشوک گہلوٹ کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے پارٹی کی کامیابیوں سے زیادہ اپنے فرزندان کی کامیابی پر توجہ دی تھی ۔ ورکنگ کمیٹی اجلاس کے بعد راہول گاندھی کی پارٹی چیف منسٹروں سے یہ پہلی ملاقات ہوگی ۔ باضابطہ طور پر اس ملاقات کے ایجنڈہ کے تعلق سے کچھ واضح نہیں کیا گیا ہے ۔