کانگریس ڈرنے والی نہیں، ہم سوال کرتے رہیں گے: کھرگے

   

راہول گاندھی کے گھر میں پولیس کے داخل ہونے پر شدید ردعمل

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے راہول گاندھی معاملے میں مرکز پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ڈرنے والی نہیں ہے۔ چاہے وہ اڈانی کو بچانے کی کتنی ہی کوشش کریں، ہم ان سے پوچھ تاچھ کرتے رہیں گے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اڈانی معاملے سے توجہ ہٹانے کے لیے وہ (بی جے پی) پولیس بھیج کر یہ سارے سوالات پوچھ رہے ہیں۔ راہول گاندھی اور کانگریس ڈرنے والے نہیں ہیں۔ چاہے وہ اڈانی کو بچانے کی کتنی ہی کوشش کریں، ہم ان سے سوالات کرتے رہیں گے۔ملکارجن کھرگے نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ مودی جی کے سب سے اچھے دوست کو بچانے کی کوشش میں مودی سرکار پوری طرح بوکھلا گئی ہے! 45 دن بعد دہلی پولیس کو بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے پوچھ تاچھ کے لیے راہول گاندھی کے گھر بھیجنا آمرانہ حکومت کی ایک اور بزدلانہ حرکت ہے! پارلیمنٹ چلاؤ، جے پی سی بٹھاؤ، سچائی سامنے لاؤ!دراصل اتوار کو دہلی پولیس کی طرف سے جنسی ہراسانی سے متاثرین کے بارے میں معلومات حاصل کرنے والے نوٹس کے سلسلے میں اسپیشل سی پی (لا اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہڈا راہول گاندھی کی رہائش گاہ پہنچے، لیکن تقریباً دو گھنٹے انتظار کے بعد راہول گاندھی سے ان کی ملاقات ہو پائی، حالانکہ کانگریس قائدین نے دہلی پولیس کی جانب سے کی گئی انکوائری پر سخت سوالات اٹھائے ہیں۔کانگریس قائدین نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کو ختم ہوئے 45 دن ہوچکے ہیں۔ اگر انہیں اتنی ہی فکر ہے تو وہ فروری میں ان کے پاس کیوں نہیں گئے؟ راہول گاندھی کی قانونی ٹیم اس کا قانون کے مطابق جواب دے گی۔