نئی دہلی ۔ /6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر بی جے پی قائد شیوراج چوہان سنگھ نے کہا کہ کانگریس ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے جس کے کپتان راہول گاندھی ہیں جو اس جہاز کو چھوڑ فرار ہونا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کرناٹک میں جو کانگریس کے ارکان اسمبلی پارٹی چھوڑ رہے ہیں وہ کانگریس کے زوال کی ابتداء ہے ۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ چوہان نے جواہر لال نہرو ، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی پر الزام لگایا کہ انہوں نے ملک کو کمزور کردیا ۔ ہفتہ کے دن کانگریس کے 10 ارکان اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا جس سے کرناٹک میں کانگریس کے ارکان اسمبلی کی تعداد گھٹ گئی اور اتحادی حکومت اقلیت میں آگئی ۔ چوہان نے کہا کہ ’’محض نہرو کی وجہ سے دو تہائی کشمیر پاکستان کے قبضہ میں ہے ۔ اندرا گاندھی پر انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے ملک کی جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا تھا اور راجیو گاندھی نے مسلم خواتین کو ان کے حقوق سے محروم کردیا تھا ۔