کانگریس ڈوبتی کشتی: شیو راج سنگھ چوہان

   

Ferty9 Clinic

راہول گاندھی پارٹی کو بچانے کے بجائے اس سے دور بھاگ رہے ہیں
حیدرآباد۔/26 جون، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے نائب صدر شیو راج سنگھ چوہان نے آج راہول گاندھی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ کانگریس کی ڈوبتی کشتی کو بچانے کے بجائے کشتی سے چھلانگ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ پارٹی کو آخر تک سہارا دینا ان کا فرض ہے لیکن وہ اپنے فرض سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ آج آپ یہ نہیں جانتے ہوں گے کہ کانگریس کا صدر کون ہے۔ ہم نے سنا ہے کہ جب کوئی کشتی ڈوبتی ہے تو اس کا کپتان کشتی کو بچانے کی آخر تک کوشش کرتا ہے لیکن کانگریس کا کپتان اپنی ڈوبتی کشتی سے سب سے پہلے چھلانگ لگارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد وزیر اعظم مودی اور صدر پارٹی امیت شاہ نے عوام کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہیں کی ہے۔ چوہان نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے بہت جلد رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی۔ ملک میں اپوزیشن پارٹیاں زوال کا شکار ہوگئی ہیں۔ اتر پردیش میں سماجوادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی میں پھوٹ پڑ گئی ہے اور راہول گاندھی ڈوبتی کانگریس سے دور ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں تلنگانہ کے آئندہ اسمبلی انتخابات کے بعد حکومت تشکیل دینے کیلئے بی جے پی نے نشانہ بنایا ہے۔