کانگریس کارکنوں کو حملوں سے ڈرایا نہیں جاسکتا: ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے حملوں میں اضافہ، جی ایچ ایم سی سے کارروائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز)سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ نے سکندرآباد اپولو ہاسپٹل پہنچ کر ورنگل میں کل رات بی آر ایس قائدین کے حملے میں زخمی یوتھ کانگریس لیڈر ٹی پون کی عیادت کی۔ ورنگل میں کل رات ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے جلسہ عام کے بعد مقامی بی آر ایس غنڈہ عناصر نے پون پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔ ورنگل میں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں اپولو ہاسپٹل سکندرآباد منتقل کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے ڈاکٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے پون کی صحت اور علاج کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ وی ہنمنت راؤ کے ہمراہ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس سنتوش کمار اور دیگر قائدین موجود تھے۔ ہنمنت راؤ نے کانگریس کارکنوں پر برسراقتدار پارٹی کی جانب سے حملوں کی مذمت کی اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں کو حملوں کے ذریعہ ڈرایا نہیں جاسکتا۔ قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے راجیو گاندھی آل انڈیا بھارت جوڑو انڈر19 ٹوئنٹی20 ٹورنمنٹ کا اعلان کیا جو گذشتہ پندرہ برسوں سے راجیو گاندھی کے نام سے منعقد کیا جارہا ہے۔ ان مقابلوں میں 17 ٹیمیں حصہ لیں گی جن کا ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی کامیابی پر ٹورنمنٹ منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 22 تا 25 مارچ مقابلے ہوں گے۔ ہنمنت راؤ نے حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے حملوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مشیرآباد میں کمسن بچہ کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں آوارہ کتوں کے حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کو فوری اقدامات کرنے چاہیئے۔ ہنمنت راؤ نے چھتیس گڑھ میں کانگریس پلینری سے عین قبل انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دھاوؤں کی مذمت کی۔ر