رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کی گرفتاری کی مذمت، عوامی نمائندوں کے خلاف کارروائی غیر جمہوری
حیدرآباد۔28 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس کی جانب سے ہراساں کئے جانے کے واقعات پر سخت تنقید کی اور کہا کہ اگر کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو کانگریس مناسب جواب دے گی۔ نلگنڈہ میں کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور دیگر قائدین کی گرفتاریوں کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل پر آواز اٹھانے سے روکنے کیلئے یہ گرفتاریاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر برقی جگدیش ریڈی نے پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کانگریس رکن اسمبلی راج گوپال ریڈی کو مدعو نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں احتجاج کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا جو جمہوریت کے قتل کے مترادف ہے۔ پولیس نے رکن اسمبلی کو راشن کارڈس کی تقریب میں شرکت سے روک دیا ۔ ریونت ریڈی نے پولیس پر ٹی آر ایس کارکنوں کا رول ادا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مقامی رکن اسمبلی کو کس بنیاد پر تقریب میں شرکت سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کو ریاست بھر میں عمل کرنے کا مطالبہ کرنا راج گوپال ریڈی کی کوئی غلطی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور قائدین کے خلاف درج مقدمات سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے ورنہ کانگریس پارٹی ہر ضلع میں احتجاج منظم کرے گی۔