نئی دہلی: کانگریس نے دہلی میونسیپل کارپوریشن انتخابات میں عام آدمی پارٹی (آپ) امیدوار ساریکا چودھری پر پرچہ نامزدگی غلط پیش کرنے کے سنگین الزام لگاتے ہوئے انتخابی افسر سے ان کی امیدواری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر فرہاد سوری نے بدھ کو ساریکا چودھری کے خلاف اس معاملے میں دریا گنج وارڈ کے ریٹرننگ افسر کے پاس شکایت درج کرائی۔ انہوں نے آپ امیدوار پر دو شناختی کارڈ رکھنے کا سنگین الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے امیدوار کے پاس ایک شناختی کارڈ یہاں کے جنگپورہ کا ہے اور دوسرا اتر پردیش کے کالپی کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دو شناختی کارڈ رکھنا عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 17 کی خلاف ورزی ہے ۔ سوری نے کہا کہ یہ قابل سزا جرم ہے اور اس کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ان کی رکنیت منسوخ کردی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ساریکا چودھری نے اپنے خلاف درج مقدمے کے بارے میں بھی غلط معلومات دی ہیں۔