کانگریس کا آج ملک گیر احتجاج ، صدر کووند سے ملاقات

,

   

اگنی پتھ اسکیم کی مخالفت اور راہول گاندھی کی ای ڈی میں طلبی کیخلاف مظاہرہ

نئی دہلی : راہول گاندھی نیشنل ہیرالڈ کیس میں پیر کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے روبرو حاضر ہونے والے ہیں اور کانگریس نے دو مسائل پر زبردست احتجاج کی تیاری کرلی ہے۔ یہ مسائل مسلح افواج میں بھرتی کی اسکیم اگنی پتھ اور راہول گاندھی سے ای ڈی کی جانب سے پوچھ تاچھ ہیں۔ پارٹی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے ٹوئیٹ کیا کہ کل پیر کو ملک بھر میں لاکھوں کانگریس ورکرس مخالف نوجوانان اگنی پتھ اسکیم کے خلاف پرامن احتجاج جاری رکھیں گے اور راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے مودی حکومت کی انتقامانہ سیاست کے خلاف بھی مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کا وفد کل شام صدر جمہوریہ رامناتھ کووند سے ملاقات کرے گا۔ کانگریس پیر کی شروعات صبح 9 بجے پریس کانفرنس سے کرے گی جسے پارٹی جنرل سکریٹری اجئے ماکن مخاطب کریں گے۔ اتوار کو صبح میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مرکزی حکومت کی ڈیفنس فورسیس میں ریکورٹمنٹ کی نئی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف جنتر منتر پر کانگریس کے احتجاج کی قیادت کی۔ کانگریس کے کئی قائدین بھی اس احتجاج میں شامل ہوئے۔ کانگریس کے کئی سرکردہ قائدین نے پارٹی کے زیراہتمام ستیہ گرہ میں حصہ لیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت اگنی پتھ اسکیم سے دستبرداری اختیار کرے۔ حکومت کو یہ اسکیم فوری واپس لینا چاہئے کیونکہ یہ نوجوانوں کیلئے بالکلیہ ٹھیک نہیں ہے۔
راہول کا ای ڈی میں آج چوتھا روز
کانگریس لیڈر اور ایم پی راہول گاندھی سے نیشنل ہیرالڈ کیس میں منی لانڈرنگ سے متعلق الزامات پر ای ڈی گذشتہ پیر سے پوچھ گچھ کررہی ہے۔ ای ڈی کی تحقیقاتی ٹیم نے لگاتار 3 روز پیر ، منگل اور چہارشنبہ کو سابق صدر کانگریس سے ہر روز تقریباً 8 تا 10 گھنٹے سوالات پوچھیں۔ انہیں جمعرات کو آرام کا موقع دیا گیا اور جمعہ کو پھر سے ای ڈی کے دفتر حاضر ہونا تھا لیکن انہیں سونیا گاندھی کی علالت کے سبب پیر تک وقت دیا گیا۔