کانگریس کا آج منچریال میں جلسہ عام ، ملکارجن کھرگے شرکت کرینگے

   

جئے بھارت ستیہ گرہ جلسہ کا انعقاد ، عوام سے شرکت کیلئے ریونت ریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔13۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے کل 14 اپریل کو امبیڈکر جینتی کے موقع پر منچریال ضلع میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔ کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور دیگر قائدین شرکت کریں گے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے جلسہ عام میں بڑی تعداد میں شرکت کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کے سرکردہ رہنماء راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی حکومت نے سازش کرتے ہوئے لوک سبھا کی رکنیت کو ختم کردیا ہے۔ راہول گاندھی کو سرکاری قیام گاہ سے تخلیہ کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عوامی اور قومی اداروں کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی تیاری ہے۔ نریندر مودی حکومت اور اڈانی کمپنیوں کے روابط کے بارے میں پارلیمنٹ میں سوال کئے جانے کے بعد راہول گاندھی کو نشانہ بنایا گیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مودی کے اڈانی سے رشتوں کی جانچ کے لئے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی پد یاترا کے ضمن میں منچریال میں جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ملکارجن کھرگے کے علاوہ تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے شرکت کریں گے ۔ ریونت ریڈی نے اطراف کے اضلاع سے عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ جلسہ عام کے انتظامات کے سلسلہ میں ریونت ریڈی نے کمیٹی تشکیل دی ۔ بھارت ستیہ گرہ جلسہ عام کی تیاری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی ہے۔ ان کے علاوہ رگھونات ریڈی ، ٹی نریش ، بی سدھاکر ، وی سنجیو اور ایس پون کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ۔ر