بی آر ایس اور بی جے پی کے خلاف آر پار کی لڑائی ‘ سونیا گاندھی 6 ضمانتوں کا اعلان کریں گی ۔ ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد : /16 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے کہا کہ اتوار کو تکوگوڑہ میں ہونے والا ’وجئے بھیری ‘ جلسہ عام کانگریس کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ۔ جس میں سونیا گاندھی عوام کیلئے 6 ضمانتوں کا اعلان کریں گی ۔ جلسہ عام میں راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی ، ملکا ارجن کھرگے و دیگر قائدین شرکت کریں گے ۔ جلسہ کو کامیاب بنانے زبردست تیاریاں کی جارہی ہے ۔ ریاست کے بیشتر اسمبلی حلقوں سے عوام جلسہ میں شرکت کریں گے ۔ دوسرے دن سے سی ڈبلیو سی اجلاس میں شرکت کرچکے اہم قائدین ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں پہونچکر کانگریس نے جن 6 وعدوں کا اعلان کیا ان کو گھر گھر پہونچائیں گے ۔ ریونت ریڈی نے حیدرآباد کے اطراف اضلاع کے پارٹی صدور اور اہم قائدین سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے جلسہ میں ان کی اور عوام کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جلسہ کے بعد بی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی اور اقتدار حاصل کرنے بی جے پی کا خواب چکناچور ہوجائیگا ۔تلنگانہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور کانگریس کو پر امید نظروں سے متبادل کے طورپر دیکھ رہے ہیں ۔ بی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کی کارکردگی سے عوام بدظن ہیں جب بھی انتخابات ہوں انہیں سبق سکھانے کا تہئیہ کرچکے ہیں ۔ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت دیکھ کر مختلف جماعتوں کے قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں ۔ کانگریس کی لہر سے چیف منسٹر کے سی آر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں تمام وزراء منظم منصوبہ بندی کے ذریعہ کانگریس پر تنقید کرکے حکومت کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کانگریس کے 6 وعدوں کے اعلان کے بعد ریاست میں کانگریس کی مقبولیت اور لہر میں اضافہ ہوجائیگا ۔ کانگریس جو بھی وعدے کررہی ہے ان پر عمل کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ڈوبتی کشتی کو کنارے لگانے بی جے پی کا دامن تھام چکے ہیں ۔ بی آر ایس و بی جے پی میں خفیہ جگل بندی ہوگئی ہے ۔ دونوں کو عوام کے موڈ کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ بی آر ایس و بی جے پی قائدین کی جانب سے کانگریس پر من گھڑت الزامات عائد کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جو کامیاب نہیں ہونگی ۔ ن