راہول گاندھی کا ٹیلی فون ٹیاپنگ کرنے کے خلاف اندرا پارک پر دھرنا ، قائدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے قائد راہول گاندھی کے ٹیلی فون ٹیاپنگ کے خلاف آج اندرا پارک سے راج بھون تک منظم کردہ کانگریس کی ریالی کشیدگی کا شکار ہوگئی ۔ احتجاجی دھرنا کے بعد راج بھون کو روانہ ہونے والے کانگریس قائدین کو پولیس نے روک دیا جس سے کشیدگی پیدا ہوگئی کانگریس قائدین اور پولیس کے درمیان بحث و تکرار ہوگئی ۔ بعد ازاں پولیس نے کانگریس قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے شہر کے مختلف پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو کی قیادت میں اندرا پارک میں احتجاجی دھرنا کا اہتمام کیا گیا جس میں کانگریس کے سینئیر قائدین اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔ اس احتجاجی دھرنے میں کانگریس فلور لیڈر ملو بٹی وکرامارک ، کانگریس الیکشن کمیٹی کے صدر نشین دامودھر راج نرسمہا ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ ، منوہر ریڈی ، جگا ریڈی ، ستیااکا ، پنالہ لکشمیا ، شیخ عبداللہ سہیل ، طاہر بن حمدان ، سید نظام الدین ، فیروز خاں ، ایس محمد واجد حسین ، انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے قائدین نے شرکت کی ۔ ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ انگریزوں سے ملک کو آزاد کرانے کے باوجود اظہار خیال کی آزادی پر آج بھی پابندیاں عائد ہیں ۔ دستور کے دئیے ہوئے اختیار کا استعمال کرنے پر ملک سے غداری کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ سیاسی مفاد پرستی کے لیے راہول گاندھی اور دوسرے اپوزیشن قائدین ، صحافیوں اور جہدکاروں کے ٹیلی فون ٹیاپنگ کی جارہی ہے ۔ جو سسٹم دہشت گردی کے خلاف استعمال کیا جانا چاہئے وہی سسٹم اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے ۔ آل انڈیا کانگریس پارٹی کی ہدایت پر آج سارے ملک میں راہول گاندھی کا ٹیلی فون ٹیاپنگ کرنے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے ۔ اسرائیلی سافٹ ویر پیگاسیس کا غیر قانونی طور پر استعمال کرنے کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا ۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا نے عوام دشمن پالیسیوں اور نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے پر 124-A سیکشن کے تحت مقدمات درج کرنے کا الزام عائد کیا ۔ دامودھر راج نرسمہا نے کہا کہ مودی حکومت تمام شعبوں میں ناکام ہوچکی ہے اور عوامی اعتماد بھی کھوچکی ہے ۔ اپنی ناکامیوں سے عوامی توجہ ہٹانے کے لیے ایک طرف متنازعہ فیصلے کررہی ہے تو دوسری طرف اسرائیلی سافٹ ویر پیگاسیس کا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کے ٹیلی فون کی ٹیاپنگ کی جارہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔۔