گاندھی بھون میں اجلاس ، ہر ووٹر کے گھر پر دستک دینے کی حکمت عملی تیار
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس نے حضور آباد اسمبلی حلقہ میں طوفانی انتخابی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر منڈل کے لیے چیف کوآرڈینٹر اور دیہی علاقوں کے لیے انچارجس نامزد کئے گئے ہیں ۔ آج گاندھی بھون میں کانگریس اسٹرینگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی ، ملو بٹی وکرامارک ، ٹی جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، ستیااکا ، سریدھر بابو اے آئی سی سی انچارج سکریٹری سرینواس کرشنن تشہیری کمیٹی کے صدر نشین مدھو گوڑ یشکی کنوینر سید عظمت اللہ حسینی ، دامودھر راج نرسمہا ، پونم پربھاکر کانگریس کے امیدوار بی وینکٹ کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں یہ طئے پایا کہ کانگریس کی طوفانی انتخابی مہم چلائی جائے۔ تمام مقامی کانگریس کے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے اور ہر ووٹر کے دروازے پر دستک دی جائے ۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ اجلاس میں حضور آباد ضمنی انتخابات مہم کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ اسمبلی حلقہ کے تمام منڈلس اور دیہی علاقوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ منظم طریقہ سے پارٹی کی انتخابی مہم چلائی جائے گی ۔ ساتھ ہی ٹی آر ایس اور بی جے پی کی خفیہ گٹھ جوڑ ، دونوں حکومتوں کی ناکامیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کو انتخابی مہم کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں اور مرکزی حکومت کی ناکامیوں بالخصوص پٹرول ، ڈیزل ، پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ پبلک سیکٹرس کی فروختگی کو اہم انتخابی موضوع بنایا جائے گا ۔ ماضی میں مسلمانوں اور ایس ٹی طبقات کے تحفظات میں توسیع کے لیے اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی اس کے بعد انہیں نظر انداز کیا گیا ۔ اب بی سی طبقہ کی اعداد شماری کے نام پر انہیں دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ او بی سی کی مردم شماری پر اندرا بھون میں کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ ن