چند دن قبل کنٹراکٹرس ، کل کرائے کے کاروں کے مالکین کے احتجاج پر طنزیہ ریمارکس
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ریاستی انتظامیہ کے ہیڈکوارٹر سکریٹریٹ کانگریس کے دور حکومت میں دھرنا چوک میں تبدیل ہوجانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکریٹریٹ ریاستی نظم و نسق کا ہیڈکوارٹر ہوتا ہے ۔ جہاں سے ریاست کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے تیار کئے جاتے ہیں ۔ عمل آوری کی حکمت عملی تیار ہوتی ہے اور مسائل کی یکسوئی ہوتی ہے ۔ مگر کانگریس کے دور حکومت میں سکریٹریٹ دھرنا چوک میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل بلز کی عدم اجرائی پر کنٹراکٹرس نے وزراء کے چیمبر اور سکریٹریٹ کے احاطے میں احتجاجی دھرنا منظم کیا ہے ۔ تازہ طور پر سرکاری گاڑیوں کے کرائے ادا نہ کرنے پر مالکین نے سکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا ہے ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا انتظامیہ پر کنٹرول ختم ہوگیا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس حکومت کمیشن کی خاطر بڑے کنٹراکٹرس کے بلز جاری کررہی ہے ۔ چھوٹے کنٹراکٹرس کے بلز و بقایا جات کو نظر انداز کررہی ہے ۔ جس کی وجہ سے یہ لوگ سکریٹریٹ میں احتجاج کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے غلط فیصلوں سے ریاست کا معاشی نظام پوری طرح تباہ و برباد ہوگیا ہے ۔ گورنمنٹ میں جن کاروں کو کرائے پر حاصل کیا گیا ان کا 10 ماہ سے کرایہ ادا نہیں کیا گیا ۔ جس سے اس کاروبار سے وابستہ مالکین اور کام کرنے والے ملازمین مختلف مسائل اور دشواریوں سے دوچار ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کئی ماہ سے کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہیں بھی جاری نہ کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا ۔۔ 2