پالیر ذخیرہ آب سے پانی کی اجرائی ،ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کے ساتھ خطاب
حیدرآباد ۔ 14۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ کانگریس کا دوسرا نام زراعت اور برقی ہے ۔ کانگریس نے ہمیشہ زرعی شعبہ کی ترقی ، کسانوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے کسان کانگریس حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ آج ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی ، ضلع کھمم کے کلکٹر انودیپ درشٹی کے ساتھ مل کر پالیر ذخیرہ آب سے پانی جاری کیا جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے ہمیشہ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی ہے جس کا نتیجہ ہے کہ چاول کی پیداوری میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے اور اندرون ایک سال کانگریس پارٹی نے وعدہ کے مطابق کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرض معاف کردیئے۔ رعیتو بھروسہ اسکیم پر صد فیصد عمل کیا جارہا ہے۔ باریک چاول کی پیداوار پر 500 روپئے بونس دیا جارہا ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں آندھراپردیش کی حکومتوں سے ساز باز کرتے ہوئے تلنگانہ کے مفادات کو نقصان پہنچایا گیا۔ بی آر ایس کے قائدین اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے کانگریس حکومت پر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے اپنی غلطیوں کی پردہ پوشی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ دریائے گوداوری اور کرشنا کے پانی کو استعمال کرنے کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ اپنے حقوق کیلئے ہر قسم کی جدوجہد کرے گی ۔ کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے قرض معاف کئے گئے۔ 17,500 کروڑ روپئے کے مصارف سے 29 لاکھ پمپ سیٹس کسانوں میں تقسیم کئے گئے ۔ ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ کسانوں کے فلاح و بہبود کانگریس حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں کسانوں کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا گیا لیکن کانگریس حکومت کسانوں کے فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانہ پر اقدامات کر رہی ہے۔ 24 گھنٹے زرعی شعبہ کو مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ 9 دنوں کے دوران 9,000 کروڑ روپئے کسانوں کے بینک کھاتوں میں جمع کئے گئے ۔ اس طرح کانگریس حکومت غریبوں کی حکومت ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔2