نظام آباد۔ 5 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پسماندہ طبقات (بی سی) کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لیے پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کو یقینی بنانے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے کانگریس پارٹی کی جانب سے 5؍اگست اور 6؍ اگست کو دہلی کے جنتر منتر پر منعقدہ دھرنا پروگرام میں شرکت کے لیے تلنگانہ کے بی سی قائدین روانہ ہو چکے ہیں۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری و ریاستی انچارج میناکشی نٹراجن، ریاستی وزراء پونم پربھاکر گوڑ، واکیٹی سری ہری اور دیگر قائدین کی قیادت میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بی سی نمائندے اس احتجاجی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔اس ضمن میں ٹی پی سی سی کے ڈیلیگیٹ اور ضلع نظام آباد کے زرعی مارکیٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر محمد عیسی، سرکنڈہ سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین بھی دہلی روانہ ہوئے۔ ضلع انچارج بڈسی شیکھر گوڑ حیدرآباد سے دہلی کے لیے روانہ ہوئے جن کے ہمراہ بی سی قائدین کا قافلہ بھی موجود ہے۔یہ احتجاجی دھرنا بی سی طبقات کو ان کے جائز آئینی حقوق دلانے کے لیے ایک اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کے ذریعہ کانگریس پارٹی مرکز پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ پارلیمنٹ میں بی سی تحفظات پر مبنی بل کو منظور کرایا جا سکے۔