سینکڑوں کانگریس کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیا، راج بھون کی طرف بڑھنے کی کوشش ناکام
حیدرآباد۔ مرکزی زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کی تائید اور ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف کانگریس نے آج راج بھون گھیراؤ پروگرام کا اہتمام کیا تھا جس کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے سینئر قائدین اور سینکڑوں کی تعداد میں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کے موقع پر اس وقت ہلکی کشیدگی پیدا ہوگئی جب کارکنوں نے پولیس کا حصار توڑ کر راج بھون کی طرف بڑھنے کی کوشش کی۔ پولیس نے لمبنی پارک کے پاس کارکنوں اور قائدین کو جمع ہونے کی اجازت دی تھی لیکن بعد میں پولیس نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے وہاں پہنچنے والے قائدین کو حراست میں لے لیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، اے آئی سی کے سکریٹریز بوس راجو، سرینواسن کرشنن، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق سی ایل پی لیڈر محمد علی شبیر، سابق صدور پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، ارکان اسمبلی جگا ریڈی، سریدھر بابو نے پولیس کے رویہ پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا منظم کیا۔ پولیس نے قائدین کو گرفتار کرنے کے بعد مختلف پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیا جہاں شام میں رہائی عمل میں آئی۔ پروگرام کے آرگنائزر اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار کو گھر پر نظربند کردیا گیا تھا۔ کچھ گھنٹوں بعد سمپت کمار پولیس کو چکمہ دے کر سکریٹریٹ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ چلو سکریٹریٹ احتجاج کے دوران کئی مقامات پر پولیس اور کانگریس قائدین و کارکنوں کے درمیان دھکم پیل اور لفظی تکرار ہوئی۔ کانگریس قائدین نے گورنر سوندرا راجن سے ملاقات کا ارادہ ظاہر کیا لیکن پولیس نے آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جس پر صورتحال کشیدہ ہوگئی اور کانگریس قائدین پولیس کا حصار توڑ کر آگے بڑھنے لگے۔ سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن جن کا تعلق شہر اور پڑوسی اضلاع سے تھا احتجاج میں شریک ہوئے۔ وی ہنمنت راؤ موٹر سیکل پر لمبنی پارک پہنچے جبکہ پونالہ لکشمیا کو سکریٹریٹ کے قریب حراست میں لیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ریونت ریڈی، رکن کونسل جیون ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری مدھو یاشکی گوڑ، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، ملوروی، ایم کودنڈا ریڈی، یوتھ کانگریس کے سابق صدر انیل کمار یادو، یوتھ کانگریس کے صدر شیوا سینا ریڈی، فیروز خاں، محمد راشد خاں، عظمیٰ شاکر، شیخ عبداللہ سہیل، سید نظام الدین، اندرا شوبھن، بی جڈسن، زبیر حسین، ڈاکٹر محمد سلیم، سندھیا رانی، واجد حسین اور دیگر قائدین کو حراست میں لیا گیا۔ قائدین کو سیف آباد، نامپلی، رام گوپال پیٹ، مشیرآباد، گاندھی نگر، چکڑ پلی، عابڈز، گوشہ محل اور بیگم بازار پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پولیس کے رویہ پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین مرکزی قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کرنے کیلئے گورنر سے نمائندگی کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں کسانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی زرعی قوانین کی واپسی تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر بھاری بوجھ عائد کیا گیا ہے۔ گذشتہ سات برسوں میں کے سی آر نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے بجائے آبپاشی پراجکٹس میں بے قاعدگیاں کی ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں زرعی قوانین اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج جاری رکھے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس کی پابندیوں کے باوجود راج بھون گھیراؤ احتجاجی پروگرام کامیاب رہا۔