حلقہ اسمبلی کاروان میں عثمان بن محمد الہاجری امیدوار کی انتخابی مہم
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) مسائل کے حل کے لئے کانگریس کا ساتھ دیں اور ہاتھ کے نشان پر بٹن دباتے ہوئے ریاست میں کانگریس کو اقتدار دلوانے اور حلقہ اسمبلی کاروان میں تبدیلی کو یقینی بنائیں۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے اپنے حلقہ کے کئی علاقوں میں پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو گرانی میں کمی واقع ہوگی اور گھریلو اخراجات کا جو بوجھ عائد ہورہا ہے اس میں زائد از 40 فیصد تک کی کمی ہوگی۔ جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی کاروان میں جگہ جگہ مسائل کے انبار ہیں اور اس حلقہ کو مسلسل نظرانداز کئے جانے کے نتیجہ میں مسائل میں اضافہ ہی ہوتا جا رہاہے اسی لئے اس مرتبہ عوام نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ تبدیلی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم ووٹ کی تقسیم کا خوف دکھا کر عوامی تائید حاصل کرنے والوں کو اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ نوجوانوں میں اس بات کا شعور پیدا ہوچکا ہے کہ انہیں اب تک گمراہ کرتے ہوئے انہیں ترقی سے محروم رکھا گیا ہے اور وہ اب اپنی اور اپنی نسلوں کی ترقی کے سلسلہ میں منظم حکمت عملی تیار کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی کاروان سے کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔