نئی دہلی: کانگریس نے چہارشنبہ کو یہاں منعقدہ ا آل پارٹی میٹنگ میں مانسون اجلاس میں مہنگائی اور بیروزگاری جیسے مسائل کے ساتھ منی پور کے سلگتے ہوئے مسائل پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ کیا۔ کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کل جماعتی میٹنگ میں شرکت کے بعد یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ پارٹی کی جانب سے انہوں نے منی پور کے سلگتے ہوئے مسئلہ پر بحث کرانے اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ایوان میں بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے تشدد ہو رہا ہے لیکن وزیر اعظم خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ منی پور کے مسئلہ پر جمعرات کو ایوان میں تحریک التوا پیش کریں گے ۔ ادھیر رنجن نے کہا کہ ملک کے کئی حصے سیلاب کی زد میں ہیں، اس لیے انہوں نے ایوان میں اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریل حادثہ، بے روزگاری اور مہنگائی کے مسئلہ پر بھی بحث کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ ایوان میں ہندوستان کے وفاقی ڈھانچے پر بحث کرانے کی ضرورت ہے ۔ ادھیر رنجن نے کہا کہ ایوان کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے حکمران جماعت کو لبرل اور اپوزیشن کو بولنے کا موقع د یا جانا چاہیے ۔ خیال رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں آل پارٹی میٹنگ ہوئی، جس میں پارلیمانی امور کے وزیر ارجن رام میگھوال ، پرہلاد جوشی، مرلی دھرن، کانگریس کے ادھیر رنجن چودھری، جے رام رمیش اور پرمود تیواری، اپنا دل کی انوپریہ پٹیل، رام گوپال یادو، اے آئی اے ڈی ایم کے کے تھمبی دورائی، عام آدمی پارٹی کے سنجے سنگھ، راشٹریہ جنتا دل کے اے ڈی سنگھ، آر ایس پی کے این کے پریم چندرن، جنتا دل (یونائیٹڈ) کے راجیو رنجن سنگھ اور سماج وادی پارٹی و دیگر جماعتوں کے لیڈروں نے شرکت کی۔
