جے پور : راجستھان پردیش کانگریس کمیٹی کے ریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا کی قیادت میں کانگریس کے لوگوں نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے خلاف آج دارالحکومت جے پور میں پیدل مارچ نکالا۔ملک میں پٹرول-ڈیزل، رسوئی گیس سمیت تمام روزمرہ کی ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر چلائے جا رہے جن جاگرن ابھیان کے تحت مسٹر ڈوٹاسرا کی قیادت میں کانگریس کے لوگوں نے جے پور کے اسٹیچو سرکل سے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر تک مہنگائی کے خلاف پیدل مارچ کا اہتمام کرتے ہوئے ریاست میں ایک ہفتہ تک چلنے والی جن جاگرن مہم شروع کی۔ پیدل مارچ میں ٹرانسپورٹ کے وزیر پرتاپ سنگھ کھاچریاواس، گورنمنٹ چیف وہپ ڈاکٹر مہیش جوشی سمیت دیگر کئی کانگریس لیڈروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔پیدل مارچ کے اختتام کے بعد وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت مسٹر ڈوٹاسرا اور دیگر کانگریسیوں نے ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹرپرپہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر پنڈت نہرو کے مجسمہ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر مسٹر کھاچریاواس، ڈاکٹر جوشی، ریاستی کانگریس کے نائب صدر ہری موہن شرما، راجندر چودھری، جنرل سکریٹری ریتا چودھری، سکریٹری ہیڈکوارٹر للت ٹونوال، رام سنگھ کسواں، سکریٹری پرتیشتھا یادو اور کئی دیگر کانگریس لیڈروں نے بھی پنڈت نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر، ریاستی کانگریس کے ہیڈکوارٹر پر ہندوستان کی تحریک آزادی میں پنڈت نہرو کے تعاون اور جدید ہندوستان کی تعمیرمیں ان کے کردار سے آگاہ کرانے کے لئے ایوارڈ یافتہ ٹیچرس فورم راجستھان کے جنرل سکریٹری رامیشور پرساد شرما کے ذریعہ “ہندوستان کی آزادی اورنوتعمیر میں نہرو جی کا تعاون’’ عنوان پر ایک روزہ نمائش کا انعقادکیا گیا۔