کئی قائدین کی گرفتاری ۔ پیشگی اجازت حاصل نہ کرنے کا ادعا
حیدرآباد: بھوپال پلی ضلع کے ملارم میں دلت نوجوان کے قتل کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کے چلو ملارم پروگرام کے موقع پر کشیدگی دیکھی گئی۔اس پروگرام کیلئے قبل ازیں اجازت حاصل نہ کرنے پر پولیس نے پارٹی لیڈروں کو مختلف مقامات پر حراست میں لے لیا۔حیدرآباد سے چلو ملارم پروگرام کے تحت روانہ صدر تلنگانہ کانگریس اتم کمار ریڈی کو جنگاوں میں پولیس نے روک دیااور ان کو گھن پور پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔سی ایل پی لیڈر ملوبھٹی وکرامارکا کو روکتے ہوئے رگھونندپور پولیس اسٹیشن منتقل کردیاگیا۔پارٹی کے مابقی لیڈروں کو کاٹورم،مادھاپوراوردیگر پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کردیاگیا۔پولیس نے واضح کیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر کسی بھی احتجاجی پروگرام کی اجازت نہیں ہے ۔اسی دوران پارٹی لیڈروں کی گرفتاری کی اتم کمار ریڈی نے مذمت کی۔انہوں نے دعوی کیا کہ ایس سی،قبائلی طبقات کے ووٹوں کے ذریعہ ٹی آرایس ریاست میں برسراقتدار آئی ہے تاہم ایس سی طبقات کے افراد پر حملے ہورہے ہیں۔ان سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پر عمل نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں ایس سی طبقہ سے تعلق رکھنے والا ایک بھی وزیر نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایس سی، گریجن طبقات کی کانگریس حمایت کرتی ہے ۔