کانگریس کا چیوڑلہ میں جلسہ عام، ہزاروں دلت اور گریجن افراد کی شرکت

   

Ferty9 Clinic

کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دیا، مانکیم ٹیگور ، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔18 ۔اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں دلت اور گریجن طبقات کی تائید حاصل کرنے کیلئے کانگریس پارٹی نے نرمل کے بعد آج چیوڑلہ کے راویرالا میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا۔ دلت اور گریجن ’’آتما گوروا دنڈورا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی اور کانگریس پارٹی سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے بطور خاص جلسہ عام میں شرکت کی ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ ، سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، رکن اسمبلی سیتکا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، اے آئی سی سی گریجن سیل کے نائب صدر بلیا نائک کے علاوہ مہیش کمار گوڑ پونالہ لکشمیا ، گیتا ریڈی ، ومشی چند ریڈی ، ڈاکٹر شراون ، صدر مہیلا کانگریس سنیتا راؤ ، ڈاکٹر ملو روی ، کودنڈا ریڈی ، مال ریڈی رنگا ریڈی ، کونڈا سریکھا ، ضلع کانگریس صدور اور سابق وزراء اور ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ کانگریس قائدین نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر دلت اور گریجن طبقات کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد دلتوں اور دیگر طبقات کی حقیقی معنوں میں بھلائی ہوگی۔ مانکیم ٹیگور نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ملک بھر میں دلتوں کی بھلائی اور ترقی پر توجہ دی گئی ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ کی تشکیل کے بعد دلت کو چیف منسٹر بنانے اور گریجنوں کو تین ایکر اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فائدہ کیلئے چیف منسٹر دلت بندھو اسکیم کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد ضمنی چناؤ میں کامیابی کے لئے دلت بندھو اسکیم متعارف کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے بعد کے سی آر اسکیم کو بھول جائیں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ وہ ریاست بھر میں اسکیم پر عمل کر کے دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کمزور طبقات میں ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے فوری بعد دلتوں اور گریجن طبقات کے حق میں اسکیمات کا اعلان کیا جائے گا ۔ اس موقع پر دلت اور گریجن طبقہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے قراردادیں منظور کی گئیں۔ جلسہ عام میں کئی جہد کاروں اور عوامی فنکاروں نے شرکت کرتے ہوئے انقلابی گیت پیش کئے۔ جلسہ کے پیش نظر اطراف و اکناف کے علاقوں میں ٹریفک جام ہوگئی اور جلسہ گاہ سے تقریباً تین کیلو میٹر دور گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جارہی تھی ۔ ریونت ریڈی نے ہر ضلع میں اس طرح کے جلسے جاری رکھنے کا اعلان کیا ۔ R