کانگریس کا کھیل ختم ، 2سال بعد دوکان بند ہوجائے گی:کے ٹی آر

   

حکومت ہر محاذ پر ناکام ، بدعنوانیاں عروج پر ، بلدی انتخابات میں عوام سبق سکھائیں
حیدرآباد : 9 فبروری ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کا کھیل ختم ہوچکا ہے۔ آئندہ دو سال میں دوکان بھی بند ہوجائے گی ۔ بلدی انتخابات کانگریس کے زوال کا سبب بن جائے گی۔ آج ضلع بھدرادری کتہ گوڑم کے بھوپال پلی میں پارٹی امیدواروں کے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کے خلاف گندی زبان استعمال کرنے والوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت چلانے کے اہل نہیں ہے اور بھرپور یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2سال بعد تلگانہ میں گلابی پرچم ایک بار پھر لہرائے گا ۔ اگر بیآر ایس کے کارکنوں کو ہراساں کیا گیا تو پارٹی خاموش نہیں رہے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار میں آئی ہے ۔ انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے غریب لڑکیوں کی شادیوں میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے ساتھ ایک تولہ سونا بھی تحفہ میں دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ آج تک اس وعدے پر عمل نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو وعدے یاد دلانے پر بی آر ایس قائدین سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔ جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ، تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹیز تشکیل دیئے جارہے ہیں ۔ حکومت کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے پوچھ تاچھ کیلئے بی آر ایس قائدین کو طلب کیا جارہا ہے ۔ انہوں نیکہا کہ جب تک کے سی آر چیف منسٹر تھے ڈسمبر میں رعیتو بندھو دیا جاتا تھا لیکن اب فبروری آچکی ہے اور کسان رعیتو بندھو کے انتظار میں ہیں ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے ضلع بھوپال پلی کو ختم نہ کرنے کا بیان دینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر ختم کرنا نہیں تھا تو اس کو تشکیل دینے کی مخالفت کیوں کی گئی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ۔ چیف منسٹر سنگارینی کے کالے سونے کو اپنے برادر نسبتی کے حوالے کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ریاست کی اراضیات پر کانگریس قائدین گدھ کی طرح منڈلا رہے ہیں ۔ بی آرایس کے دور حکومت میں ریاست کو جو ترقی ہوئی تھی اس کی پیشرفت میں کانگریس حکومت سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے ۔ بدعنوانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں ، حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنے میں بی آر ایس اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کررہی ہے ۔ بلدی انتخابات میں عوام بی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے نئی سیاسی طاقت عطا کریں ۔2