کانگریس کا 17 ستمبر کو چیف منسٹر کے حلقہ گجویل میں جلسہ

   

چیف منسٹر پر خوف کی وجہ سے حضور آباد ضمنی انتخاب ملتوی کروانے کا الزام
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے 17 ستمبر کو چیف منسٹر کے سی آر کے اسمبلی حلقہ گجویل میں دلت گریجن جلسہ عام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس جلسہ عام میں راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ملکارجن کھرگے مہمان خصوصی شرکت کریں گے ۔ آج گاندھی بھون میں پارٹی کے سینئیر قائدین کا اجلاس منعقد ہوا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے صدارت کی ۔ اے آئی سی سی تلنگانہ انچارج سکریٹری سرینواس کرشنن کے علاوہ گیتا ریڈی ، مہیش کمار گوڑ ، مدھوگوڑ یشکی ، سید عظمت اللہ حسینی ، دامودھر راج ، مہیشور ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے اجلاس کے فیصلوں سے واقف کرایا ۔ اس موقع پر پی سی سی جنرل سکریٹری ایس کے افضل الدین بھی موجود تھے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 17 ستمبر کو گجویل میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا ۔ اس سے قبل ایک جلسہ عام کریم نگر یا ورنگل میں منعقد کرنے پر غور کیا جارہا ہے مگر کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ڈر کر حضور آباد ضمنی انتخابات کو ملتوی کرالیا ہے ۔ اجلاس میں دریائے کرشنا کے تنازعہ کا جائزہ لیا ۔ سابق وزیر این جناردھن ریڈی کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دے کر مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 119 کوآرڈینٹرس کی کارکردگی پر ورکنگ پریسیڈنٹس سے رپورٹ طلب کی گئی جس میں ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا ۔ وجیہ اماں کے اجلاس کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ کانگریس ایم پی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا ایم اے خاں نے شرکت کی جس کا اے آئی سی سی جائزہ لے رہی ہے ۔ N