آرٹیکل 370 پر کانگریس کا موقف کبھی بھی مبہم نہیں رہا
برسلز: کانگریس ایم پی راہول گاندھی جو موجودہ طور پر یورپ کے دورے پر ہیں، انہوں نے آج یہاں کہا کہ دستور ہند کے آرٹیکل 370 کے بارے میں پارٹی کا موقف نہایت واضح ہے اور پارٹی یہ یقینی بھی بنانا چاہتی ہے کہ ملک میں ہر ایک کی آواز سنی جائے جس میں لوگوں کو آزادانہ طور پر اپنی رائے ظاہر کرنے کا موقع ملے۔ وہ بلجیم کے دارالحکومت میں پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 370 کے بارے میں کانگریس کا موقف ہمیشہ واضح رہا ہے۔ اسے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں منظورہ قرارداد میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ ہم یہ یقینی بنانے کے حامی ہیں کہ ہمارے ملک میں ہر فرد کی آواز سنی جائے اور اسے اپنی رائے ظاہر کرنے کا موقع دیا جائے۔ ہمارا شدت سے احساس رہا ہے کہ کشمیر کی ترقی ہو، کشمیر ہر لحاظ سے آگے بڑھے اور کشمیر میں امن قائم رہے۔ وہ آرٹیکل 370 کے علاوہ 2019ء سے اس مرکزی علاقے میں اپوزیشن قائدین پر عائد تحدیدات کے بارے میں ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ جب روس اور امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے تعلق سے پوچھا گیا تو کانگریس لیڈر نے کہا کہ روس کے ساتھ اور اسی طرح امریکہ کے ساتھ ہندوستان کے ٹھوس روابط ہیں۔ ہندوستان بڑا ملک ہے اور اسے کئی ملکوں کے ساتھ رشتے قائم رکھنے ہوں گے۔ یہ معمول کی بات ہے اور ہندوستان کو پورا حق ہے کہ وہ جس کے ساتھ چاہے تعلقات استوار کرے۔ راہول نے کہا کہ ادارہ جاتی معاملوں اور جمہوریت کا جہاں تک تعلق ہے بعض اقدامات ایسے کئے جارہے ہیں کہ جن سے مسائل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں نظرثانی پر زور دیا۔ روس۔یوکرین جنگ کے نقطہ نظر سے ہندوستانی اپوزیشن کی رائے کے بارے میں پوچھنے پر راہول نے کہا کہ اپوزیشن نے بڑی حد تک حکومتی موقف سے اتفاق کیا ہے اور ایسا ہی ہونا چاہئے۔ ہمارے تعلقات روس کے ساتھ اچھے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم جاریہ جنگ کے بارے میں غیرجانبدارانہ موقف سے گریز کریں۔ راہول نے بتایا کہ وہ بیرون ملک کا سفر کرتے رہے ہیں تاکہ یورپ کے مختلف لوگوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی برادری سے بھی ملاقات کرسکیں۔ راہول 6 ستمبر کو برسلز پہنچے اور وہ 11 ستمبر تک بعض دیگر ممالک جیسے فرانس، نیدرلینڈس اور ناروے کا دورہ بھی کریں گے۔