کانگریس کو ابھی خوش ہونے کی ضرورت نہیں:بھارگو

   

بھوپال25جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر گوپال بھارگو نے ایک بل پر ووٹنگ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو ارکان اسمبلی کے کانگریس حکومت کے حق میں کھڑے ہونے کے بعد آج دعوی کیا کہ کانگریس کو ابھی سے خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔بھارگو نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہا کہ کل اسمبلی میں پیش آنے والا واقعہ تحریک اعتماد نہیں تھا۔ ممبران اسمبلی کی تعداد کا پتہ تبھی چلتا ہے جب حکومت اعتماد کے لئے ووٹنگ کراتی ہے ۔ اس کے بعد بی جے پی وہپ جاری کرتی۔ کل جو ہوا، وہ بچوں جیسا ایک ڈرامہ تھا جس کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی کو ابھی خوش ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔بی جے پی کے دو ارکان اسمبلی کے کانگریس کی حمایت میں کھڑے ہونے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی ان سے بات ہونی ہے ۔ ابھی کچھ طے نہیں ہوا ہے ۔ ممبران اسمبلی کو کیا یقین دہانی کرائی گئی ہے ، اس پر بھی بحث ہوگی۔انہوں نے دعوی کیا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے اور وقت آنے پر یہ ثابت بھی کر دیا جائے گا۔