کسانوں کے دو لاکھ روپئے کے قرض معاف کئے جائیں گے، مکانات کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ ، مفت علاج کے لیے 5 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے
ریاست میں بی ار ایس مرکز میں بی جے پی کی اُلٹی گنتی شروع ، گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار حاصل ہوتے ہی کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرضے معاف کئے جائیں گے ۔ 500 روپئے میں پکوان گیاس سیلنڈر سربراہ کیا جائے گا ۔ مکانات کی تعمیر کے لیے ہر غریب کو 5 لاکھ روپئے دئیے جائیں گے ۔ یوم آزادی کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ صدر پردیش کانگریس نے پارٹی قائدین کو پلٹ وار کریں گے اور بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کریں گے کے نعرہ کے ساتھ عوام کے درمیان پہونچنے کا مشورہ دیا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس حکومت اور مرکز میں مودی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ ان دونوں حکومتوں کی اُلٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ ریاست میں کانگریس اور مرکز میں انڈیا اتحاد کی بھاری اکثریت سے کامیابی کو یقینی قرار دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے کہا کہ عجلت پسندی میں کے سی آر حکومت نے جن اراضیات کو فروخت کیا کانگریس کو اقتدار ملنے کے بعد ان اراضیات کی فروخت پر نظر ثانی کی جائے گی ۔ انہوں نے ایک لاکھ کروڑ روپئے کی بدعنوانیاں کرتے ہوئے 10 ہزار ایکڑ اراضی کو لوٹ لینے کا کے سی آر کے خاندان پر الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو خود بھی یقین ہوگیا ہے کہ آئندہ ریاست میں کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ اس لیے عوام کو لبھانے آخری وقت میں مختلف فلاحی اسکیمات کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ باوجود اس کے ریاست میں بی آر ایس کو شکست ہوگی اور کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ ریونت ریڈی نے 140 کروڑ عوام کو آزادی کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جدوجہد آزادی میں کانگریس نے کئی قربانیاں دی ہیں ۔ امن کو گاندھی جی نے ہتھیار بنایا ۔ دستور سازی میں امبیڈکر کا رول ناقابل فراموش ہے ۔ پنڈت نہرو نے ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ۔ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کے لیے جانوں کی قربانی دی ہے ۔ ملک کی معیشت کو مستحکم کرنے میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے اہم رول ادا کیا ۔ آج بی جے پی برٹش جنتا پارٹی میں تبدیل ہوگئی ۔ نفرت کے بازار میں محبت کی دوکان کھولنے کے لیے راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ۔ پنڈت نہرو سے منموہن سنگھ کے دور اقتدار 60 سال میں جو قرض حاصل کیا گیا صرف 8 سال میں مودی حکومت میں اس سے دوگنا قرض حاصل کیا گیا ہے ۔ جب منی پور جل رہا تھا تب مودی اور امیت شاہ کرناٹک میں عوام سے ووٹ مانگ رہے تھے ۔ منی پور میں فوج کو روانہ کرنے کے بجائے کانگریس کو شکست دینے کے لیے ای ڈی ۔ سی بی آئی کو روانہ کیا گیا ۔۔ ن