کانگریس کو اقتدار میں لانے میرے پاس میڈیسن : جگا ریڈی

   

تلنگانہ میں کانگریس مستحکم ، بلدی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کا یقین
حیدرآباد ۔ 24۔جون (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے انکشاف کیا کہ وہ پردیش کانگریس کی صدارت کے عہدہ کے خواہاں ہیں اور اس سلسلہ میں انہوں نے تلنگانہ کے انچارج آر سی کنتیا سے خواہش کی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس کو کس طرح تلنگانہ میں برسر اقتدار لایا جائے ، وہ اچھی طرح جانتے ہیں۔ کانگریس کو اقتدار میں لانے کے لئے میرے پاس دوائی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہائی کمان اتم کمار ریڈی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر برقرار رکھنے کے حق میں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میونسپل انتخابات میں کانگریس پارٹی کو اکثریتی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ کیونکہ عوام اپنے مسائل کے حل کے سلسلہ میں کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی کو صدارت پر برقرار رکھا جانا چاہئے ۔ بلدی انتخابات کے علاوہ حضور آباد اسمبلی حلقہ میں ضمنی چناؤ ہے لہذا اتم کمار ریڈی کو برقرار رکھا جائے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ اگر ہائی کمان پردیش کانگریس کی صدارت میں تبدیلی لانا چاہے تو اس عہدہ کے لئے اہل قائدین میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، ریونت ریڈی ، دامودھر راج نرسمہا ، سمپت کمار ، بھٹی وکرمارکا ، پونم پربھاکر اور محمد علی شبیر شامل ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس علاقائی جماعت نہیں ہے، لہذا اس کے پاس کئی ہیرو ہیں جبکہ علاقائی جماعت میں صرف ایک ہیرو ہوتا ہے۔ ان کے مطابق عوام تبدیلی چاہتے تھے لہذا کانگریس کے سینئر قائدین کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ عوام نے کانگریس کو اپوزیشن کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے صدر پردیش کانگریس کی اجازت کے بغیر پریس کانفرنس نہ کرنے کی شرط کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں داخلی اختلافات ہوتے ہیں۔ تاہم قائدین کو برسر عام اظہار خیال سے گریز کرنا چاہئے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وہ کانگریس کے استحکام کیلئے کام کریں گے اور پارٹی کو اقتدار ملنے پر کوئی عہدہ نہیں پوچھیں گے ۔ کانگریس پار ٹی تلنگانہ میں مستحکم ہے اور ہمیں کے سی آر اور بی جے پی پر تنقید کی کوئی ضرورت نہیں۔