تلنگانہ میں 90 اسمبلی نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ ، کھمم میں کانگریس کی تاریخی ریلی، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 اپریل ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بیروزگار نوجوانوں کے حق میں کھمم ضلع سے جدوجہد کا آغاز کرکے اعلان کیا کہ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد اندرون ایک سال تمام سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے ۔ ریونت ریڈی نے آج کھمم میں بیروزگار نوجوانوں اور طلبہ کی ریالی کی قیادت کی جو بعد میں جلسہ میں تبدیل ہوگئی ۔ ہزاروں افراد نے ریالی اور جلسہ عام میں شرکت کرکے ضلع کے تمام 10اسمبلی حلقہ جات پر کانگریس کو کامیاب بنانے کا عہد کیا ۔ کھمم ضلع میں کانگریس کا یہ تاریخی جلسہ کیڈر میں جوش و خروش میں اضافہ کا سبب بنا ۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 90 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی اور نئے سال میں نئی حکومت کانگریس کی ہوگی ۔ کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہر گھر کو ایک ملازمت کا وعدہ تو پورا نہیں ہوا ساتھ میں طلبہ کی فیس بازادائیگی اسکیم ختم کردی گئی ۔ تلنگانہ تحریک کے مقدمات ابھی برقرار ہیں ۔ شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کی کوئی مدد نہیںکی گئی ۔ حکومت کی قائم کردہ بسوال کمیٹی نے 2لاکھ مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کی لیکن کے سی آر حکومت کو بھرتی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ کانگریس احتجاج کے بعد 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا لیکن امتحانی پرچہ جات کے افشا کے ذریعہ لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کیا گیا ۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ ملوث ہیں اور انہیں کابینہ سے برطرف کیا جائے ۔ کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کے مطابہ پر نوٹس کی دی گئی اور تحقیقاتی عہدیداروں نے طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس سی ، انٹرمیڈیٹ سے لیکر گروپ I پرچہ جات بازار میں کھلے عام فروخت کئے گئے ۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ مئی کے پہلے ہفتہ میں پرینکا گاندھی سرور نگر میں بیروزگار نوجوانوں سے جلسہ میں شرکت کرینگی ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں پر مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ نامی کانگریس کارکن کے خلاف PD ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ۔ جلسہ عام سے سابق مرکزی وزراء رینوکا چودھری، بلرام نائیک ، محمد علی شبیر ، وی ہنمنت راؤ ، ایس چندر شیکھر ، انجن کمار یادو ، رکن اسمبلی پی ویریا ، ڈاکٹر ملو روی ، شیوا سینا ریڈی ، بی وینکٹ ، محمد جاوید و دیگر نے مخاطب کیا ۔ ر