کانگریس کو اقتدار کے ساتھ ہی مفت برقی سربراہی

   

حلقہ اسمبلی ملک پیٹ میں مجلس اور کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ، کانگریس امیدوار شیخ اکبر کی انتخابی مہم
حیدرآباد۔22۔نومبر(سیاست نیوز) اسمبلی انتخابات میں حلقہ اسمبلی ملک پیٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے کیونکہ اس حلقہ اسمبلی سے مجلس اور کانگریس کے امیدوار کے درمیان سخت مقابلہ کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے ۔ کانگریس امیدوار جناب شیخ اکبر نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے مختلف علاقوں میں پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں کانگریس کی جانب سے دی جانے والی 6 ضمانتوں کے متعلق واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار کے ساتھ ہی ہر گھر میں 200 یونٹ مفت برقی شہریوں کو راحت پہنچائے گی اور 500 روپئے میں سیلنڈر کی اسکیم ریاست کے ہر گھر کو فائدہ پہنچانے کا سبب بنے گااس کے لئے عوام بڑی تعداد میں کانگریس کے حق میں ووٹ کے استعمال کا ذہن بناچکے ہیں۔ جناب شیخ اکبر نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی مجموعی ترقی اور تلنگانہ کی ترقی میں ملک پیٹ کے کلیدی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تک حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام سے محض وعدے کئے جاتے رہے ہیں لیکن اب ملک پیٹ کے عوام کے لئے ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں جاری کانگریس کی لہر کے اثرات ملک پیٹ میں بھی دیکھے جا رہے ہیں اور عوام مجوزہ انتخابات میں تبدیلی کے خواہاں ہے جو کہ 30 نومبر کو اپنا فیصلہ سنائیں گے اور 3ڈسمبر کو حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے عوام کی ترقی کا نیادور شروع ہوجائے گا۔