حلقہ اسمبلی خیریت آباد کی امیدوارہ وجیہ ریڈی کی انتخابی مہم ، عوام سے ملاقات
حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) عوامی مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے ‘ اپنی ترجیحات عوام کی خواہش کے مطابق تیار کرتے ہوئے عوام کی نمائندگی کرنا میرافرض ہیں اور کارپوریٹر کی حیثیت سے میں اپنا فرض نبھاتی رہی ہوں ۔ محترمہ وجیہ ریڈی نے جوبلی ہلز ڈویژن کے علاقوں اندرا نگرو دیگر میں پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میںکانگریس کو اقتدار یقینی ہے لیکن ان کی حریف سیاسی جماعت کے قائدین یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بی آر ایس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہورہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار یقینی ہوچکا ہے کیونکہ عوام موجودہ بی آر ایس حکومت سے نالاں ہوچکے ہیں۔ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے بتایا کہ ان کے حلقہ اسمبلی خیریت آباد میں جہاں سلم آبادیاں ہیں ان علاقو ںکو گذشتہ 15 برسوں کے دوران مکمل طور پر نظرانداز کیا جاتا رہا ہے لیکن اب 9 ڈسمبر کے بعد سے ان سلم علاقوں کی ترقی کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوگا اور ممکنہ حد تک ان تمام مسائل کی یکسوئی کردی جائے گی جو عرصہ دراز سے حل طلب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں لڑکیوں کی شادی کے لئے ایک لاکھ روپئے کے ساتھ ایک تولہ سونا بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے اسی طرح انٹرمیڈیٹ کامیاب ہونے والی لڑکیوں کو جن کی عمر 18 سال ہوچکی ہو انہیں الکٹرک بائیک دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس کی 6ضمانتوں کے علاوہ یہ اعلانات ہیں جن میں کانگریس نے تمام طبقات کے مفادات کے تحفظ اور ان کی ترقی کے منصوبہ کا اعلان کیا ہے۔وجیہ ریڈی نے کہا کہ حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے مسائل کوئی بہت بڑے مسائل نہیں ہیں لیکن ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے انہیں لیت و لعل کا شکار بناتے ہوئے عوام کو ان مسائل میں الجھائے رکھنے کی سازش کے تحت مسائل کو حل کرنے کے بجائے اسی طرح چھوڑ دیا گیاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ترقی اور اپنے حلقہ کے عوام کی معاشی ‘ تعلیمی اور سماجی ترقی کو یقینی بنانے کے منصوبہ پر عمل کریں گی۔ کانگریس پارٹی حکومت کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد شہریا حلقہ اسمبلی خیریت آباد ہی نہیں بلکہ ریاست بھر سے غنڈہ گردی اور غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے عوام کو امن و امان کے ساتھ سکون اور بے خوف زندگی گذارنے کی راہ ہموار کی جائے گی ۔