غلام نبی آزاد، ڈگ وجئے سنگھ اور مانکیم ٹیگور کے بیانات
حیدرآباد: اے آئی سی سی قائدین غلام نبی آزاد ، ڈگ وجئے سنگھ اور مانکیم ٹیگور نے حیدرآباد میں کانگریس کی جانب سے متاثرین میں امداد کی تقسیم کو روکنے پر سخت تنقید کی۔ تینوں قائدین نے اپنے علحدہ پیامات میں چادر گھاٹ کے علاقہ میں مجلس کی جانب سے کانگریس کے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کی مذمت کی۔ قائدین نے متاثرین میں امدادی اشیاء کی تقسیم کے لئے سابق وزیر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین کی ستائش کی ۔ غلام نبی آزاد اور ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر امدادی کام انجام دیئے جانے چاہئے ۔ کانگریس قائدین نے ٹوئیٹر پر چادر گھاٹ کے علاقہ میں پیش آئے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوں نے حیدرآباد میں بھاری تباہی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار دکھ کرتے ہوئے کانگریس کارکنوں کو ریلیف کے کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ مجلس جو دہلی میں امیت شاہ کی بی ٹیم ہے، اس نے محمد علی شبیر اور کانگریس قائدین کو سیلاب کے متاثرہ غریبوں کی مدد سے روکنے کی کوشش کی ہے۔ ٹی آر ایس اور مجلس نے حیدرآباد کو تباہ کردیا ہے ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ ان دونوں پارٹیوں کو سبق سکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے امدادی کام جاری رہیں گے ۔ انہوں نے غریبوں کی مدد کا سلسلہ جاری رکھنے قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا۔