کانگریس کو تلنگانہ میں برسر اقتدار لانے کیلئے پی سی سی کی صدارت دی جائے

   

ہائی کمان سے جگا ریڈی کی اپیل، آر ٹی سی ہڑتال پر کے سی آر کا ہٹ دھرمی کا رویہ
حیدرآباد۔/16 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگاریڈی نے پھر ایک بار پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت کیلئے اپنی دعویداری پیش کی اور کہا کہ وہ 2023 میں کانگریس کو تلنگانہ میں برسراقتدار لانے کیلئے اس عہدہ کے خواہاں ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ پی سی سی کی صدارت دیئے جانے پر وہ خود کو مکمل طور پر پارٹی اُمور کیلئے وقف کردیں گے اور وہ 2023 میں انتخاب نہیں لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے اور جائز حقوق کو یقینی بنانے کیلئے سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے نام پر دوسری میعاد کا اقتدار حاصل کیا لیکن مسائل کی یکسوئی کے بجائے مسائل کو مزید سنگین بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 43 دنوں سے ملازمین اپنے جائز حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں لیکن حکومت جان بوجھ کر مسئلہ کی یکسوئی کے بجائے ہٹ دھرمی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی کو خانگیانے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ آر ٹی سی کی برقراری کی صورت میں ٹکٹ کی شرح قابو میں رہ سکتی ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ عوام یہ تصور نہ کریں کہ ہڑتال صرف آر ٹی سی ملازمین کا مسئلہ ہے۔ اگر آر ٹی سی کو خانگی شعبہ کے حوالے کردیا گیا تو عوام پر بھاری بوجھ پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ خانگی ادارے خالص منافع کیلئے کام کریں گے اور انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں رہے گی۔ آر ٹی سی میں سفر کرنے والوں کی اکثریت غریبوں اور متوسط خاندانوں کی ہے لہذا عوام کو چاہیئے کہ وہ آر ٹی سی ہڑتال کی تائید کریں۔ جگا ریڈی نے 19 نومبر کو ’’ سڑک بند ‘‘ پروگرام کو کامیاب بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اتم کمار ریڈی اور ہنمنت راؤ کے مشورے پر 19 نومبر کو سنگاریڈی ہائی وے بند کردی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کو انتباہ دیا کہ وہ آر ٹی سی ہڑتال کی فوری یکسوئی کرے۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ 20 نومبر کے بعد وہ نئی دہلی کا دورہ کرتے ہوئے پردیش کانگریس کی صدارت کیلئے ہائی کمان سے ملاقات کریںگے۔ انہوں نے اپنا بائیو ڈاٹا رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعہ سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ہائی کمان کے دیگر قائدین کو روانہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدارت دیئے جانے پر وہ 2023 انتخابات میں ہائی کمان کے تجویز کردہ شخص کو سنگاریڈی سے مقابلہ کرائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس سے علحدگی اختیار کرنے والے افراد کو کوئی حق نہیں کہ وہ پارٹی پر تنقید کریں۔