حیدرآباد۔/13ستمبر، ( سیاست نیوز) پولیس راچہ کنڈہ نے کانگریس پارٹی کو مہیشورم منڈل کے تکوگوڑہ میں 17 ستمبر کو جلسہ عام کی اجازت دیتے ہوئے احکامات جاری کئے ہیں۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ نے شرائط کے ساتھ جلسہ عام کے انعقاد کی اجازت دی ہے اور اس سلسلہ میں نائب صدر پردیش کانگریس ڈاکٹر ملو روی کو اجازت نامہ جاری کیا گیا۔
جلسہ عام شام 4 بجے تا 9 بجے شب منعقد ہوگا اور پولیس نے صرف 10 ہزار افراد کی شرکت کی اجازت دی ہے۔ پولیس کی جانب سے 26 شرائط عائد کی گئیں جس میں آتشبازی پر پابندی، ڈی جے کے استعمال پر امتناع اور ٹریفک کیلئے مسائل پیدا نہ کرنے جیسی شرائط شامل ہیں۔ پارکنگ کیلئے منتظمین کو اپنے طور پر انتظامات کرنے ہوں گے۔