کانگریس کو حلیفوں کے تئیں مزیدلچکدار ہونے کی ضرورت: ایس سدھاکر ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 25 مارچ ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی کے سینئر لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے اس بات پر سخت افسوس و مایوسی کا اظہار کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کے مابین خواہش کے مطابق مطلوبہ حد تک اتحاد نہیں ہوسکا اور کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں کانگریس کو حلیفوں کے ساتھ کہیں زیادہ معاون رویہ اختیار کرنا چاہیئے ۔ امیت شاہ کی زیرقیادت زعفرانی پارٹی کے خلاف دو ماہ قبل وسیع تر اپوزیشن اتحاد کی توقعات کی جارہی تھیں لیکن سدھاکر ریڈی نے اب اس بات پر افسوس ظاہر کیا ہے کہ عام انتخابات کیلئے ایسا منظر تیار نہیں کیا جاسکا ۔ اترپردیش میں مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں مفاہمت نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سی پی آئی کے جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ’’ جی ہاں ! کسی حد تک ، کسی قدر مایوسی ضرور ہوئی ہے ‘‘ ۔ تاہم سدھاکر ریڈی نے امید ظاہر کی کہ عام انتخابات کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو لوک سبھا میں اکثریت حاصل ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ امکان بھی ہے کہ الگ الگ انتخابی مقابلہ کرنے والی جماعتیں انتخابات کے بعدا یک دوسرے کیس اتھ مفاہتم کرلیں گی ‘‘ ۔