سابق وزیر بی آر ایس ہریش راؤ سے علی بن ابراہیم عبداللہ مسقطی کی ملاقات ، مختلف امور پر بات چیت
حیدرآباد۔15۔اکٹوبر(سیاست نیوز) کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے جناب علی بن ابراہیم عبداللہ مسقطی نے آج سابق ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل اور ان کے حل کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا اور جوبلی ہلزضمنی انتخابات کی حکمت عملی کے متعلق مشاورت کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ دونوں قائدین کے درمیان ہوئی ملاقات میں جوبلی ہلز ضمنی انتخابات اور اس کے نتائج پر کافی دیر تبادلہ خیال کیاگیا اور کانگریس کی شکست کو یقینی بنانے کے لئے مہم میں شدت پیدا کرنے پرغور کیاگیا۔جناب علی مسقطی نے جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے لئے کانگریس کی جانب سے قبرستان کے معاملہ میں کی گئی دھوکہ دہی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مسلسل ناانصافیوں کے نتیجہ میں ریاست بھر میں مسلمان کانگریس سے ناراض ہیں اور کوڑنگل میں 3قبرستانوں کے علاوہ چھلہ اور عاشور خانہ کو شہید کئے جانے کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ کانگریس مسلمانوں سے کوئی ہمدردی نہیں رکھتی بلکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہندتوانظریات کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں ضمنی انتخابات کے نتائج کانگریس کے لئے سبق ثابت ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے معاملہ میں عدم سنجیدگی سے بھی عوام نالاں ہیں اور انتخابات سے قبل مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں کے متعلق اب استفسار کیا جانے لگا ہے۔مسٹر ٹی ہریش راؤ نے جناب علی مسقطی کی بی آرایس میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں سرگرم کردار ادا کریں اور پارٹی کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے ریاست میں سیکولر حکومت کی واپسی کی راہ ہموار کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔3