کانگریس کو معافی یاترا نکالنی چاہیئے : وشنودت

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کانگریس کی طرف سے ان دنوں مختلف اضلاع میں نکالی جا رہی ’کسان نیائے یاترا‘پر حملہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اور لوک سبھا ممبر پارلیمنٹ وشنودت شرما نے آج کہا کہ کسان مخالف’ کانگریس کو ’’کسان نیائے یاترا نہیں بلکہ ‘ معافی یاترا‘‘ نکالنی چاہئے ۔ شرما یہاں بی جے پی کی رکنیت سازی مہم کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کو نشانہ بنایا اور کہا کہ مدھیہ پردیش کے انّ داتا اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ وہی کانگریس ہے جس نے کمل ناتھ حکومت کے 15 مہینوں کے دوران کسانوں سے کئے گئے وعدوں کو توڑا تھا۔ یہ وہی کانگریس ہے جس نے دگ وجے سنگھ کی حکومت کے دوران ملتان میں احتجاج کرنے والے کسانوں پر گولیاں برسائی تھیں۔ یہ وہی کانگریس ہے جس نے مرکز میں یو پی اے حکومت کے دوران کم از کم امدادی قیمت پر سوامی ناتھن کمیٹی کی رپورٹ کو لاگو نہیں ہونے دیا۔ کسان مخالف کانگریس نے اپنے 50 سالہ دور حکومت میں ملک کے کسانوں کو مجبور بنائے رکھا۔