کانگریس کو ملک کے عوام نے مسترد کردیا: وجئے شانتی

   

تلنگانہ میں تبدیلی کی لہر کا دعویٰ

حیدرآباد۔/13 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی قائد وجئے شانتی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں ڈرگس کے پھیلاؤ کیلئے ریاستی حکومت ذمہ دار ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے شانتی نے کہا کہ حکومت ریاست میں ڈرگس اورگانجہ کی غیر قانونی منتقلی کو روکنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے خواتین کو تحفظ حاصل نہیں ہے۔ حالیہ برسوں میں خواتین پر مظالم اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی کا وجود ختم ہونے کو ہے اور عوام نے ہر ریاست میں اسے مستردکردیا ہے۔ حالیہ 5 ریاستوں کے نتائج کے بعد بی جے پی عوام کی اولین ترجیح کے طور پر اُبھری ہے اور نریندر مودی کی قیادت کو تسلیم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے بارے میں چیف منسٹر کا اعلان محض دکھاوا ہے۔ اس طرح کے اعلانات کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تبدیلی کا رجحان ہے اور ٹی آر ایس حکومت کے زوال کے بعد ہی عوام کا بھلا ہوگا۔ر