ایودھیا: اتر پردیش کے ایودھیا میں تعمیر ہونے والے رام مندر کا افتتاح یکم جنوری 2024 کو ہوگا۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ خاص بات یہ ہے کہ ملک میں لوک سبھا انتخابات 2024 میں ہی ہونے ہیں۔ ایسے میں رام مندر کے افتتاح کی تاریخ کو بھی بی جے پی کی ووٹ کی سیاست سے جوڑا جا رہا ہے۔ رام مندر کی تعمیر اور افتتاح کے اعلان کے بارے میں امت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے عدالتوں میں رام مندر کی تعمیر میں رکاوٹ ڈالی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے مندر کی تعمیر شروع کر دی بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 5 اگست 2020 کو ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لیے بھومی پوجن (رام مندر بھومی پوجن) کیا اور مندر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 2019 میں، دہائیوں پرانے مسئلے کو حل کرتے ہوئے، سپریم کورٹ نے ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا راستہ صاف کر دیا۔ مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی رام مندر کے لیے بی جے پی کی تحریک ثمر آور ہوئی جس نے بھگوا پارٹی کو اقتدار کے عروج پر پہنچا دیا تھا۔ بھومی پوجن تقریب میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت بھی موجود تھے۔