کانگریس کو ووٹ پر ملک میں مسلمانوں کی حکمرانی قائم ہوگی : ڈی اروند

   

بی جے پی مسلم تحفظات کو ختم کردے گی ، نظام آباد بی جے پی امیدوار کی مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی حلقہ لوک سبھا نظام آباد کے امیدوار ڈی اروند نے پھر ایکبار زہر اگلتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس کو ووٹ دیا گیا تو ملک میں مسلمانوں کی حکمرانی قائم ہوجائے گی ۔ ضلع جگتیال کے کورٹلہ منڈل میں واقع مختلف مواضعات اٹلاپور ، ملاپور ، سارنگا پور کے علاوہ دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے امیدوار ڈی اروند نے مسلمانوں کے خلاف نفرت کی سیاست کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس پارٹی کو ووٹ دیا جاتا ہے تو ملک میں مسلمانوں کی حکومت قائم ہوجائے گی اور ملک میں ہندو خطرے میں پڑ جائیں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی ہی ہندوؤں کے محافظ ہے ۔ مودی کی قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے ۔ دنیا کی بڑی بڑی طاقتیں مودی کی صلاحیت کو سلام کررہی ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے وعدے کے مطابق رام مندر تعمیر کیا ہے ۔ ہندوؤں کے عزت نفس کو بلند کیا ہے ۔ بی جے پی ہی ملک کو ترقی دے گی ۔ ڈی اروند نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہی اپنے ووٹ بنک کو مضبوط کرنے کے لیے مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات فراہم کیا ہے ۔ جس کی بی جے پی سخت مخالفت کرتی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے مسلم تحفظات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بی جے پی مسلمانوں سے چھین لیے جانے والے تحفظات ایس سی ۔ ایس ٹی اور بی سی طبقات میں تقسیم کرے گی ۔ ڈی اروند نے کہا کہ شکست کے خوف سے اور مسلم تحفظات کو بچانے کے لیے کانگریس پارٹی بی جے پی پر ایس سی ۔ ایس ٹی اور بی سی تحفظات ختم کردینے کے جھوٹے الزامات عائد کررہی ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے بلکہ ان تحفظات کی بی جے پی مکمل حفاظت کرے گی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پارٹی کو ووٹ دینے پر ہندوؤں کی جائیدادیں حتی کہ ہندو خواتین کے منگل سوتر مسلمانوں میں تقسیم کردینے کا الزام عائد کیا تھا اس سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ڈی اروند نے کہا کہ کانگریس کو ووٹ دیا جائے تو ملک میں مسلمانوں کی حکمرانی قائم ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔۔ 2