ریونت ریڈی کا الزام، آرمور کے بی جے پی قائدین کی کانگریس میں شمولیت
حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) آرمور اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائد پی ونئے ریڈی نے اپنے حامیوں کے ہمراہ آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ۔ گاندھی بھون پہنچ کر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ملاقات کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے کانگریس کا کھنڈوا پہناکر استقبال کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست بھر میں بی جے پی کی جانب سے بی آر ایس کی مدد کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں بی جے پی قائدین ناراض ہیں۔ دونوں پارٹیوں میں خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کے کرپشن اور بدعنوانیوں کو بی جے پی کی تائید حاصل ہے۔ ریونت ریڈی نے سوال کیا کہ کے سی آر کے خلاف مرکزی حکومت کارروائی سے کیوں گریز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین کے خلاف سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں لیکن بی آر ایس قائدین کے ساتھ نرم رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان نے ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ مچائی ہے۔ ہر رکن اسمبلی کو انتخابات میں 50 کروڑ روپئے خرچ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اسمبلی انتخابات میں 5000 کروڑ خرچ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کو 7.5 لاکھ کروڑ کا مقروض کردیا گیا ہے ۔ آبپاشی اور دیگر پراجکٹس میں بھاری کمیشن حاصل کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے آرمور کے بی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی پر بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ کے یکساں انتخابات کے ذریعہ کانگریس کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ اس سازش میں بی آر ایس اور بی جے پی دونوں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ہر اقدام کو کے سی آر کی مکمل تائید حاصل ہے۔