کانگریس کو ہرانے بی جے پی و بی آر ایس میں خفیہ مفاہمت: ریونت ریڈی

   

بی جے پی کو ووٹ تحفظات کو ختم کرنے میں مددگار ، محبوب نگر میں دو انتخابی ریالیوں سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 10۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دینا دراصل تحفظات کے خلاف ووٹ دینے کے مترادف ہے کیونکہ بی جے پی ملک میں ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے تحفظات ختم کرنا چاہتی ہے۔ چیف منسٹر نے آج حلقہ لوک سبھا محبوب نگر میں مکتھل اور شاد نگر میں کانگریس امیدوار ومشی چند ریڈی کی تائید میں روڈ شو میں حصہ لیا ۔ کارنر میٹنگس سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر نے بی جے پی اور بی آر ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں پا رٹیوں نے کانگریس کو شکست دینے کیلئے خفیہ مفاہمت کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پانچ حلقوں سے کامیاب بنانے کیلئے بی آر ایس نے معاہدہ کرلیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ محبوب نگر کی پسماندگی کیلئے بی آر ایس اور بی جے پی دونوں ذمہ دار ہے ۔ کے سی آر نے محبوب نگر کے رکن پارلیمنٹ کے طور پر ضلع کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ 10 سالہ اقتدار میں محبوب نگر کے لئے محض اعلانات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ مکتھل ، نارائن پیٹ اور کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم اور پالمور اریگیشن اسکیم مکمل نہیں کی گئی ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نئی دہلی سے نریندر مودی تلنگانہ میں کانگریس پر الزامات کے ساتھ مسلسل دورے کر رہے ہیں۔ کانگریس پر بے بنیاد الزام تراشی کی جارہی ہے ۔ ملک میں کانگریس کی جانب سے منگل سوتر چھیننے کا خوف دلایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کو ووٹ دینا ملک میں تحفظات کو ختم کرنے کی تائید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو محبوب نگر سے کامیاب بنانے پر ضلع کی ترقی کے علاوہ کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے اسکیمات شروع کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات ختم کرنے کیلئے بی جے پی 400 نشستوں کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرنا نریندر مودی کا بنیادی مقصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے سبب ترقی ٹھپ ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس کی کامیابی سے تلنگانہ کی ترقی متاثر ہوگی۔ انہوں نے ناگر کرنول اور محبوب نگر لوک سبھا حلقوں سے کانگریس امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کیا اور کہا کہ کانگریس حکومت نے 100 دن میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری کی ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ الیکشن کے بعد چھٹویں ضمانت پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ 15 اگست سے قبل دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ روڈ شو میں پارٹی امیدوار ومشی چند ریڈی اور مقامی ارکان اسمبلی نے شرکت کی ۔ 1