کانگریس کو 4 پولنگ اسٹیشنوں میں ایک بھی ووٹ نہیں

   

Ferty9 Clinic

حضور آباد حلقہ کے 172 پولنگ مراکز پر 10 سے کم ووٹ

حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) حضورآباد کے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی نے شکست کے باوجود کئی ریکارڈ قائم کئے۔ حلقہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس قدر کم ووٹ حاصل کرنے کے علاوہ 172 پولنگ اسٹیشنوں میں کانگریس امیدوار کو 10 سے کم ووٹ حاصل ہوئے۔ حضورآباد میں 306 پولنگ مراکز پر رائے دہی ہوئی تھی اور کل رائے شماری کے 22 راؤنڈ ہوئے۔ کانگریس امیدوار بی وینکٹ کو محض 3012 ووٹ حاصل ہوئے اور ان کی ضمانت بھی نہیں بچ سکی۔ 2018 میں کانگریس کو اس حلقہ سے 60604 ووٹ حاصل ہوئے تھے جس وقت کوشک ریڈی پارٹی امیدوار تھے۔ کوشک ریڈی حال ہی میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرچکے ہیں۔ 172 پولنگ اسٹیشنوں میں کانگریس کو 10 سے کم ووٹ حاصل ہوئے جبکہ 134 پولنگ اسٹیشنوں میں 10 سے زیادہ ووٹ ملے۔ 4 پولنگ اسٹیشن ایسے رہے جہاں کانگریس کو ایک بھی ووٹ نہیں ملا۔ حضورآباد سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو اس نتیجہ پر کافی حیرت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جون میں راجندر کے استعفی کے بعد ٹی آر ایس اور بی جے پی نے انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا تھا لیکن کانگریس نے امیدوار کے اعلان میں تاخیر کردی۔ الیکشن نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد کانگریس نے امیدوار کا اعلان کیا۔ر